وحدت نیوز(کراچی) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے شیعہ عمائدین کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، ناصر شیرازی، علی حسین نقوی ، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا،جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی، سلمان مجتبیٰ نقوی، شبر رضا رضوی سمیت دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں شہر قائد میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر گفتگو ہوئی جبکہ علماء کی جانب سے ملیر 15 اور نمائش چورنگی سے گرفتاریوں پر اظہار تشویش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو گرفتار تمام افراد کو رہا کرنے کی ہدایت کر دی۔ علماء نے فیصل رضا عابدی کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ سید مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ اگر وہ اسلحے کا لائسنس دکھا دیں تو انہیں بھی چھوڑ دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مولانا مرزا یوسف بھی اپنی ضمانت کرائیں۔ ملاقات میں آئی جی سندھ، مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو اور مشیر مذہبی امور قیوم سومرو بھی موجود تھے۔