وحدت نیوز (اسلام آباد) دفاعی کمیٹی کے رکن و ممبر قومی اسمبلی ساجد حسین طور ی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سید ناصر شیرازی سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ۔ملاقات میں علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فاٹا میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز اور قبائلی علاقوں کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کے فیصلہ کو دونوں رہنماؤں نے مستحسن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پسماندہ علاقوں کو بھی خوشحالی کے برابر مواقع حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پارہ چنارمیں امن وامان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔ یہاں کے لوگوں کو جب بھی کوئی سنگین صورتحال درپیش ہوئی مجلس وحدت مسلمین نے اپنی قومی ذمہ داری کا بھرپور حق ادا کیا ہے اور اپنی قوم کو کبھی تنہائی کا احساس نہیں ہونے دیا۔ظلم کی مخالفت اور مظلوم کی حمایت کے منشور پر ایم ڈبلیو ایم پوری طرح کاربند ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان سے بیرونی مداخلت کا مکمل خاتمہ ہو۔ افغانستان ، سعودیہ اورصیہونی مداخلت نے وطن عزیز کی سلامتی کو داؤ پر لگا رکھا ہے ہمیں ان سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ملک میں جاری ضرب عضب نے دہشت گردوں کے حوصلوں کو پست کیا ہے۔اس کے دائرہ کار کومزید وسعت دے کر بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔اب ضرب عضب کے ثمرات کو سمیٹنے کا وقت آ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی اپنے علاقوں میں واپسی کے عمل کو اب بلاتاخیر شروع ہو جانا چاہیے تاکہ موسم سرما میں انہوں رہائشی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔