وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کوہ پیماء،فخر پاکستان حسن سدپارہ کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری،مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی اور گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ آغا سید علی رضوی نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری مشترکہ تعزیتی بیان میں حسن سدپارہ کی رحلت کو قومی نقصان قرار دیا ہے، رہنمائوں نے کہا کہ قومی ہیرو کی مفلسی کے عالم موت عیاش طبیعت حکمرانوں کے منہ پر تماچہ ہے، افسوس ناک بات یہ ہے کہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنےوالے اس قومی ہیرو کی میت اس کے آبائی علاقے منتقل کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ انتظام تک نہ کیا گیا اور اہل خانہ پرائیوٹ وین کی چھت پر میت رکھ کر لے جانے پر مجبور ہوئے، رہنمائو ں نے اس عظیم سرمائے کے نقصان پر اہلیان گلگت بلتستان اور پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہارکیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے۔