پاکستان کو عالم اسلام میں فریق کے بجائے ثالث کا کردار ادا کرنا ہوگا، علامہ ناصرعباس جعفری

17 January 2017

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تفرقہ بازی کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے تمام معتدل سیاسی و مذہبی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مذہب کی آڑ میں انتشار پیدا کرنے والی قوتیں نہ صرف وطن عزیز کی سالمیت و بقا کے لئے خطرہ ہیں بلکہ عالم اسلام کو بھی سنگین مشکلات کی طرف لے کر جا رہی ہیں۔ ایسی قوتیں جو عالم اسلام کو دست و گریبان دیکھنا چاہتی ہیں، ان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانا ان کے مذموم مقاصد کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ پاکستان کو عالم اسلام میں ایک قابل قدر حیثیت حاصل ہے، اسے بحال رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ امت مسلمہ کو درپیش متنازعہ امور میں فریق بننے کی بجائے ثالثی کا کردار ادا کیا جائے۔ بین الاقوامی ایشوز پر پاکستان کی مثبت مصالحانہ کوششیں ہماری نیک نامی میں اضافے کے ساتھ ساتھ اسلامی میں بھڑکی ہوئی آگ کو ٹھنڈا کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش پاکستان میں بھی اپنے پر پھیلانے کی کوششون میں مصروف ہے۔ حکومت عوام کی آنکھوں پر پردہ ڈالنے کی بجائے دہشت گردوں کے تدارک کے لئے عملی اقدامات کرے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے مزید کہا ہے کہ کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے معاونین کو جب تک عبرتناک سزائیں نہیں دی جاتیں، تب تک دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو کامیاب قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عالمی استعماری کوششیں صرف اور صرف مسلمانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کے لئے ہیں۔ امت مسلمہ کو مل کر اس عفریت سے چھٹکارے کا حقیقی حل تلاش کرنا ہوگا۔ یہود و نصاریٰ دوست کے روپ میں چھپے ہوئے وہ دشمن ہیں، جو مسلمانوں کے مابین مسلکی اختلافات کو اچھال کر ہمیں ایک دوسرے کا دشمن بنانا چاہتے ہیں۔ تمام مسلمان ممالک کے حکمرانوں کو اس حقیقت کا بخوبی درک ہے، لیکن ملت اسلام کے مفادات کو ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد و وحدت کے لئے جو بھی حکمران عملی کوششوں کا آغاز کرے گا، تاریخ میں اس کا نام سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree