وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرو بس منصوبوں پر اربوں روپے کی دی جانے والی سبسڈی کی رقم پوری قوم سے وصول کی جا رہی ہے۔چند شہروں میں پرتعیش سفری سہولیات دے کر ووٹ بینک بڑھانے کی کوشش کواحمقانہ عمل کے علاوہ کوئی نام نہیں دیا جا سکتا۔ریاست کی بیس کروڑ آبادی میں چند مخصوص خاندانوں کو چھوڑ کر پورا ملک استحصال اور ریاستی جبر کی چکی میں پس رہا ہے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔لوگ غربت کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشیاں کر رہے ہیں۔جس ملک میں پانچ سو روپے کے عوض پندرہ سالہ بچے خودکش بمبار بننے پر محض اس لیے راضی ہو جائے کہ اس کے گھر میں بھوکے بہن بھائی دو وقت کی روٹی کھا لیں گے اس ریاست کے حکمران پوری قوم کے مجرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہر چیز پر اثر انداز ہوتی ہیں۔اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا جس کی قوم متحمل نہیں ہے۔قومی سرمایہ بیرونی ممالک منتقل کرنے والے حکمران عوام کو مزید آزمائش میں مت ڈالیں۔غریب عوام کے گھر کا چولہا پہلے ہی بڑی مشکل سے جلتاہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے۔