وحدت نیوز (اسلام آباد) 14 فروری بحرین کا یوم آزادی پر ملت مظلوم بحرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں مرکزی رابطہ سیکرٹری ملک اقرار حسین ، علامہ شیخ علی شیر انصاری ، برادر مدثر کاظمی اور سنٹر ل سیکرٹریٹ کے دیگر اسٹاف ممبران نے شرکت کی،معاون مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ اصغر عسکری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس زمانے میں دو طاقتوں کا ٹکرائو ہے ایک طرف ظہور کی قوتیں ہیں جن کا ایمان و عقیدہ ہے کہ منجی عالم بشریت ظہور فرمائیں گےاور عادلانہ نظام کا قیام کریں گے دوسری طرف ضد ظہور طاقتیں اور استعماری طاقتیں ہیں۔
ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم نے اپنے زمانے مقاومت اور ظہور کی قوتوں کی کامیابی دیکھی ہے اور خدا نے ہمیں آیۃ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شکل میں ایک بابصیرت رہبر عطا فرمایا ہے،انھوں نے کہا دو چیزیں ہماری طاقت کا راز ہیں ایک مکتب اہل بیت علیھم السلام کی نورانی تعلیمات اور دوسرا امام خامنہ ای کی بابصیرت قیادت، مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی سیکرٹریٹ کے ذمہ داران اس طرح کی تمام مناسبات پر پروگرام رکھیں تا کہ فکری و نظریاتی حوالے سے دوستان استفادہ کر سکیں۔ مرکزی سیکرٹری روابط نے نشست کے منعقد کرنے پر دوستوں کی حوصلہ افزائی کی۔