وحدت نیوز (سہیون شریف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سہیون شریف میں درگاہ حضرت لال شہباز قلندر ؒ کے سجادہ نشین ڈاکٹر سید مہدی شاہ ، گدی نشین سید حسن علی شاہ، سید غضنفر علی شاہ اور سیدولی محمد شاہ لکھیاری سے ان کی رہائش گاہ پر علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اس موقع پر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے درگاہ کے تمام گدی وسجادہ نشینوں سے سانحہ سہیون شریف میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر رنج وغم واظہارکیا ، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی ، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی اور ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضابھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ سہیون شریف سفاکیت اور بربریت کی تاریخ میں سیاہ باب ہے، تکفیری درندوں نے بلاتفریق مذہب ومسلک ، رنگ ونسل عاشقان قلندر ؒ کو حیوانیت کا نشانہ بنایا،پاکستان کی تاریخ میں سانحہ سہیون شریف پہلا دہشت گرد حملہ ہے جسے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کیا ہے جوکہ آنے والے دنوں میں پاکستان کے لئے مزید خطرات کا اعلان ہے، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہاکہ سانحے کے اگلے ہی روز زائرین کا اتنی ہی تعدادمیں دوبارہ درگاہ پر حاضر ہونا دہشت گردوں کی ان کے مذموم مقصد میں شکست کی واضح دلیل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں پر طرح کی دہشت گردی کے خلاف موثر آواز اٹھاتی رہی ہے اور آج یہاں سہیون شریف میں تحفظ مزارات اولیاءاللہ کانفرنس بھی اسی کاوش کا نتیجہ ہے انشاءاللہ وطن عزیز میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات بالخصوص سانحہ سہیون شریف کےخلاف ایم ڈبلیوایم نے اٹھائیس فروری کو قومی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس طلب کی ہے جس میں آپ حضرات کو بھی شرکت کی دعوت دیتا ہوں ۔
تمام گدی وسجادہ نشین صاحبان نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی وفدکے ہمراہ تعزیت کیلئے تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا اور اس ظلم وبربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھانے کی درخواست کی جبکہ ساتھ آل پارٹیزکانفرنس میں شرکت کی بھی یقین دہانی کروائی، ملاقات کے آخر میں شہدائے سانحہ سہیون شریف کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔