وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ملک میں جاری دہشتگردی کے خلاف اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ''آل پارٹیز کانفرنس''جاری ہے، کانفرنس کی صدارت ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کر رہے ہیں، جبکہ کانفرنس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی بھی موجود ہیں۔ آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی، پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری، پاکستان پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری سید نیئر حسین بخاری، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈاپور، جمعیت علمائے پاکستان(نیازی)کے ڈاکٹر امجد چشتی، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما تنویرالحق تھانوی، پاک سرزمین پارٹی کے شہزاد آصف جاوید، جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں اسلم، سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، جمعیت علمائے پاکستان نورانی اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، قومی وطن پارٹی کے رہنما سید بیدارشاہ، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما پیر معصوم شاہ نقوی، سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ سیدہ عابدہ بخاری، ممبر صوبائی اسمبلی آغا سید محمد رضا، علامہ ظہیر الحسن نقوی شریک ہیں، کانفرنس کے آخر میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔