وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات میں اصلاحات کی منظوری دینے اوران علاقوں کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کے فیصلے کو وفاقی کابینہ کا ایک مستحسن اقدام قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کے رہائشیوں کا یہ ایک دیرینہ اور اصولی مطالبہ تھا جسے منظور کیا جانا لاکھوں افراد کی خواہشات کی تکمیل ہے۔انہوں نے کہا فرنٹیر کرائم ریگولیشن (ایف سی آر)ایک کالا قانون ہے جس کے ذریعے فاٹا کے معصوم لوگوں کو دبایا جاتا ہے۔اس قانون کے چنگل سے فاٹا کی عوام کو آزادی دلائی جائے۔ایف سی آر کے خاتمے کے لیے طے شدہ آئینی اصلاحات پر بلاتاخیر عمل درآمد انتہائی ضروری ہے۔فاٹا کے عوام پاکستان کے محب وطن شہری ہیں۔تحریک پاکستان کے دوران اور قیام پاکستان سے لے کر اب تک یہاں کے غیور باسیوں کی ارض پاک کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔پاکستان کے دیگر شہریوں کی طرح انہیں بلاتفریق تمام حقوق دیے جانے چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کی تعمیر و ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ قبائلیوں علاقوں کو خوشحال بنایا جا سکے۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امید ظاہر کی ہے کہ فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کا فیصلہ علاقے کی تقدیر بدل دے گا۔