وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت خطے کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔شہری آبادی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر وحشیانہ تشدد اور پاکستان کی سرحدی خلاف ورزی پر اقوام عالم کی خاموشی ایک غیر منصفانہ عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ سے توجہ ہٹانے کی یہ کوشش چانکیائی سیاست ہے۔سی پیک پر مثبت پیش رفت اور پاک چائنا دفاعی تعلقات پڑوسی ملک بھارت کے پیٹ میں مروڑ ڈال رہے ہیں۔بھارت کسی غلط فہمی میں مبتلا ہے اور اس حقیقت سے آگاہ نہیں کہ وطن عزیز کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ ہم ایک ناقابل تسخیر قوت ہیں۔اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے پاکستان کو دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا سرحدی خلاف ورزی پر بھارت کی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا ہو گا۔عالمی قوتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارت کے اس رویہ کا نوٹس لینا چاہیے۔اقوام عالم کو اس بات کا درک کرنا ہو گا کہ دو ایٹمی ممالک کے درمیان تناؤ کی صورتحال پورے خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔پاکستان کو چاہیے کہ وہ سفارتی سطح پر بھی بھارت کو سخت الفاظ میں متنبہ کرے اور ایسے جارحانہ اقدامات سے باز رہنے کی ہدایت کی جائے۔پاکستانی علاقوں پر بھارتی گولہ باری وطن عزیز کی سالمیت و استحکام کے خلاف ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔