حضرت فاطمہؑ کی تعلیمات کو عملی زندگیوں میں ڈھالنے کی ضرورت ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

26 March 2017

وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین راولپنڈی کے زیراہتمام خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کی مناسبت سے امام بارگاہ یادگار حسینی میں یوم خواتین و روز مادر کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی سیرت و عظمت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مادر حسنین کریمین علیہم السلام کی تعلیمات کو عملی زندگیوں میں ڈھالنے کی ضرورت ہے، معاشروں کی تشکیل متعدد گھرانوں سے وجود میں آتی ہے اور گھرانوں کی تربیت مائیں کرتی ہیں۔ اگر تربیت اعلٰی خطوط پر ہوگی تو معاشرے اعلٰی اوصاف سے مزین ہوں گے۔ ناقص تربیت معاشرے کو تنزلی اور بدعملی کا شکار بناتی ہے۔ ہمارے پاس آئمہ اطہار علیہم السلام اور ان کے بعد مجتہدین عظام کی زندگیاں اس طرح کی لاتعداد مثالوں سے بھری پڑی ہیں۔ دور حاضر میں دشمن ہر طرف سے ہم پر حملہ آور ہے۔ ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے ہماری روایات کو مسخ کیا جا رہا ہے۔ ٹی وی پروگراموں کی ذریعے پرتعیش زندگی، مغربی ملبوسات، جدت پسندی، مادیت پرستی اور ہندوانہ ثقافت کی تشہیر سے ہیجان انگیز فکری تبدیلی لائی جا رہی ہے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی نسلوں کو اس سے بچانا ہوگا۔ اس سلسلے میں خواتین کا کردار ہی اہم ہے۔

شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل زہرا نقوی نے کہا کہ اسلام کی تاریخ میں ماؤں کا کردار بے مثال رہا ہے۔ واقعہ کربلا میں دین حق کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے اصحاب باوفا جس بے تابی کا اظہار کر رہے تھے، وہ باکردار ماؤں کی تربیت کا ہی مرہون منت ہے۔ ایم ڈبلیو ایم راولپنڈی کی سیکرٹری جنرل سیدہ قندیل کاظمی نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی حیات مبارکہ ہر میدان میں ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ بیٹی، بیوی اور ماں کے روپ میں ان کے عظیم کردار کا لفظی احاطہ ممکن نہیں۔ ان کی معرفت کے لئے اتنا ہی کہنا کافی ہے کہ کائنات کی وہ واحد شخصیت ہیں، جن کی آمد پر سردار الانبیاء نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم اپنی جگہ سے کھڑے ہو جایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا اپنی نسلوں کو فکری تنزلی سے بچانے کا واحد حل سیدہ سلام اللہ علیہا کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے۔ تقریب میں جڑواں شہروں سے خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء کے لئے سوال و جواب کی نشست کا بھی اہتمام تھا اور کامیاب ہونے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree