وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ کرپٹ نواز حکومت امریکی و عرب بادشاہتوں کی ایماء پر پاک افواج کی توجہ کو اندرون ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہٹاکر اسے غیروں کی بیرونی جنگوں کی دلدل میں پھنسانا چاہتی ہے، نواز حکومت پاک افواج کے آپریشن ردالفساد کو ناکام بناکر کالعدم دہشت گرد تنظیموں کو بچانا چاہ رہی ہے، لیکن محب وطن ملت تشیع دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے ساتھ ہے، دہشت گرد عناصر اور ان کے سیاسی و مذہبی سہولت کاروں کے خلاف آپریشن ردالفساد کی بھرپور حمایت کرتی ہے، محب وطن ملت تشیع پاک افواج کو امریکی و عرب بادشاہتوں کی ایماء پر نواز حکومت کے ناپاک عزائم کا شکار نہیں ہونے دیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی بھر کے آئمہ جمعہ و جماعت کے اجلاس سمیت مرکزی امام بارگاہ کورنگی جے ون ایریا، مسجد صاحب العصر عوامی کالونی، مرکزی امام بارگاہ اے بی سینیا میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم ڈبلیو ایم سندھ کے زیر اہتمام 21 مئی کو نشتر پارک کراچی میں منعقد ہونے والی استحکام پاکستان و امام مہدی عج کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کے حوالے سے علامہ راجہ ناصر جعفری کے کراچی سمیت صوبے بھر میں عوامی اجتماعات سے خطاب اور عمائدین و شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اجلاس و مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد و انتہاء پسند عناصر کو نادیدہ قوتیں پھر سے متحرک کرنے میں مصروف ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد صرف بیانات تک محدود ہوگیا ہے، دہشت گردوں کے سرپرستوں ہاتھ ڈالنے سے حکمران اب تک قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں امریکی اور اس کی اتحادی عرب بادشاہتوں کی ایماء پر عزاداری سید شہداء و مجالس عزاء پر پابندی و محدود کرنے کیلئے حکمران نت نئے حربوں کے تحت ملت تشیع کو ہراساں کر رہے ہیں، مجالس و محافل ہمارا آئینی حق ہے اس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، کرپٹ نواز حکومت ایک طرف دہشت گردوں کو ٹی وی شوز میں لاکر ان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تو دوسری طرف دہشت گردی سے متاثرہ فریق پر زمین تنگ کر رہی ہے، یہ کہاں کا انصاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ، پنجاب سمیت ملک بھر میں محب وطن شیعہ علماء کرام اور جوان تاحال لاپتہ ہیں، ہمارے ہزاروں شہداءکے لواحقین اب بھی انصاف کے منتظر ہیں، ہمارا جرم حب الوطنی اور پرامن رہنا ہے، ہم وطن عزیز کی بقاء و سلامتی و استحکام کی خاطر حب الوطنی کے جرم کو کرتے رہیں گے، ہم نے ہزاروں شہداء کی بے رحمانہ قتل عام کے بعد بھی ملک میں امن کو خراب ہونے نہیں دیا، تاریخ گواہ ہے کہ شیعان پاکستان نے ہزاروں قربانیاں دینے کے باوجود ریاست کے خلاف ہتھیار نہیں اٹھایا، اس کا صلہ ہمیں سیاسی انتقامی کارروائیوں کی صورت میں دیا گیا۔ انہوں کہا کہ امریکہ اور اس کی اتحادی عرب بادشاہتوں کی نمک خوار نواز حکومت اپنے ذاتی مفادات کی خاطر قومی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے، امریکی و عرب بادشاہتوں کی غلامی میں پاک افواج کو بھی ڈالر و ریال کی خاطر بھینٹ چڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں تقسیم کرکے ایک نئے بحران کی طرف دھکیلنے کی سازش میں ہے، ایسے میں ہماری ذمہ داری ہے کہ متحد ہوکر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں اور مادر وطن کو لاحق خطرات کا دانشمندی کیساتھ مقابلہ کریں۔