وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ سانحہ پاراچنار و کوئٹہ کے شہداءو زخمیوں کے خانوادوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملک بھر میں عید الفطر کو یوم سوگ منائیں گے، اس موقع پر تمام مساجد میں نمازی سیاہ پٹیاں باندھ کر نماز عید ادا کریں گے، جبکہ سانحہ پاراچنار و کوئٹہ کے خلاف احتجاج کریں گے، عوام سے اپیل ہے کہ شہداءکے خانوادوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عید سادگی سے منائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاو س لجر بازار کراچی میں میڈیا سیل کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک حادثوں و سانحات کی سرزمین بن چکا ہے ، ہر دوسرے دن ہمارے گھر لٹتے اور برباد ہوتے ہیں ، پر سیاست دان صرف افسوس کر کے پیچھے ہٹ جاتے ہیں ، اس غم کا اندازہ تو اسی کو ہے جس پر بیتی ہے ، ہمارے سیاستدانوں کی عیدیں ملک سے باہر، اولاد کاروبار سب باہر ہے ، صرف حکمرانی کیلئے پاکستان کا رخ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں ریڈ زون کے اندر دہشتگردی کا واقعہ رونما ہو گیا ، فاٹا کا علاقہ ہے جو کہ وفاقی حکومت کے ماتحت ہے ، وہاں المناک سانحہ کے باوجود وزیراعظم و وفاقی وزیرداخلہ گورنر کہاں ہیں، کسی کو معلوم ہی نہیں ، وہاںبے گنا شہری مر رہے ہیں اور حکمران شاید عید کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہشتگردی کے واقعات کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر سکیورٹی اہلکار بھی گولیاں برسا رہے ہیں، وہاں پر موجود کرنل اجمل ملک تلاشی کے نام پر خواتین کی توہین کرتا ہے، کرنل اجمل ملک انتہائی متنازعہ کرنل ہے، جس پر پہلے بھی دہشتگردوں کی سہولت کاری کا الزام ہے، پاراچنار کو غزہ بنایا ہوا ہے ، سو سے زائد لوگ شہید اور ڈیڑھ سے زیادہ زخمی ہیں، پاراچنار کی عوام نے واقعہ کے بعد سے دھرنا دیا ہوا ہے، جس پر نا اہل نواز حکومت یہ شرمناک بیان دے رہی ہے 2013 کے مقابلے میں آج دہشتگردی کم ہوئی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہماری سکیورٹی کے مطالبہ پر نظر ثانی نہ کی گئی تو پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج کریں گے ، کرم ملیشیا کو سیکیورٹی کیلئے واپس لایا جائے، پاراچنار کے لوگوں کی روایات کے خلاف سکیورٹی چیکنگ کر کے فوج سے نفرت بڑھانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، پاکستان میں دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ احمد پور شرقیہ میں ہونے والے واقعہ نے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا پول کھول دیا ، پیرس بنانے کی باتیں کرنے والوں کیلئے انتہائی شرم کا مقام ہے کہ وہاں اسپتالوں میں بنیادی طبی سہولیات تک مہیا نہیں ہیں۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ سانحہ پاراچنار و کوئٹہ کے شہداءو زخمیوں کے خانوادوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کراچی سمیت ملک بھر میں عید الفطر کو یوم سوگ منائیں گے، اس موقع پر تمام مساجد میں نمازی سیاہ پٹیاں باندھ کر نماز عید ادا کریں گے، جبکہ سانحہ پاراچنار کے خلاف احتجاج کریں گے، عوام سے اپیل ہے کہ شہداءکے خانوادوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عید سادگی سے منائیں۔