وحدت نیوز(لاہور) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے سانحہ پارا چنار کو نظر انداز کر کے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔حکومت ملک میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں ناکام ہے ۔ ہم ملت جعفریہ اور پاراچنار کے شہدائ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔یہ باتیں انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں جنہوں نے سید ناصر شیرازی کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی ۔ سید ناصر شیرازی نے سانحہ پارا چنار اور ایم ڈبلیو ایم کے دھرنے کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ حکومت دھرنا ختم کرانے میں سنجیدگی سے مذاکرات کرے اور پارا چنار کے متاثرین کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نوازشریف نے سانحہ پارا چنار کونظر اندازکرکے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے جو سراسر زیادتی اور ظلم ہے۔