وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی اپنے دورہ جنوبی پنجاب کے دوسرے روز ملتان پہنچے، جہاں انہوں نے مسجد الحسین میں مومنین سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی بھی موجود تھے۔ علامہ مختار امامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6 اگست کو برسی شہید قائد کے مناسبت سے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی مہدی برحق کانفرنس ملت تشیع کی سربلندی کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ اس کانفرنس میں ملک کے طول و عرض سے شیعان حیدر کرار شرکت کریں گے۔ یہ اجتماع اب تک شہید کی برسی کی مناسبت سے منعقد ہونے والے اجتماعات میں سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن پاکستان میں ملت تشیع کیخلاف خطرناک سازشوں میں مصروف ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ملت میں اختلافات پیدا کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے، قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بابصیرت قیادت نے دشمن کی سازشوں کو بھانپ لیا ہے۔