وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے درگاہ فتح پور شریف جھل مگسی پر ہونے والی دہشتگردی کی کارروائی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ نہیں کیا جاتا اس وقت تک اس قسم کے سانحات ہوتے رہیں گے، حکومت دہشتگردوں کیخلاف کارروائی میں سنجیدہ نہیں، نواز لیگ کی مرکزی حکومت کی تمام تر توجہ ایک نااہل شخص کو بچانے پر مرکوز ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ جہاں حکمران ملک و قوم کے تحفظ کی بجائے اپنے اقتدار کو بچانے، کرپشن کو چھپانے اور ایک نااہل شخص کو تحٖظ دینے پر تمام تر توانائیاں صرف کریں وہاں عوام اور وطن کا اللہ ہی حافظ ہے۔ جھل مگسی کا سانحہ انتہائی افسوس ناک ہے، یہ درندہ صفت دہشتگرد شیعہ، سنی کے مشترکہ دشمن ہیں، یہ وطن عزیز پاکستان کو بچانے والوں کیخلاف اپنی مزموم کارروائیاں کر رہے ہیں۔ بلوچستان حکومت عوام کو تحفظ دینے میں یکسر ناکام نظر آتی ہے، یہاں جنگل کا قانون ہے، دہشتگردوں پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا جبکہ بیگناہ اور شریف شہریوں کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا جاتا ہے۔ فورسز کو دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو بلاامتیاز آپریشن کرنا ہوگا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سانحہ میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخموں کی جلد شفایابی کیلئے بھی دعا کی۔