وحدت نیوز (مظفر آباد) مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان سید ناصر عباس شیرازی کی مظفرآباد آمد،علامہ تصور نقوی الجوادی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم آزادکشمیر کی عیادت ،تفصیلات کے مطابق مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان سید ناصر عباس شیرازی نے ایک روزہ دورہ مظفرآباد کیا۔ اپنے دورہ میں انہوں نے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم آزادکشمیر علامہ تصور نقوی الجوادی کی عیادت کی۔ انہوں نے تصور جوادی حملہ کیس کی سست روی پر شدید تحفظات کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کا عرصہ ہونے کو ہے کہ ابھی تک ریاستی مشینری اس کیس کو حل کرنے میں ناکام نظرآرہی ہے۔ریاست آزادکشمیر میں اتحاد کی پرامن فضاء کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت خراب کیا جارہاہے۔ علامہ تصور جوادی وحدت کی پہچان ہیں اور ریاست میں وحدت کی فضاء کو برقرار رکھنے میں ان کا کلیدی کردار ہے۔حکومت آزاد کشمیر فی الفور اس کیس کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائے۔انہوں نے مذید کہا کہ ریاست کے اندر کالعدم جماعتوں کی بھرپور فعالیت اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ریاست اپنی زمہ داریوں کو بطریق احسن پورا نہیں کر رہی۔ آزادی کے بیس کیمپ میں دہشت گردی کے واقعات انتہائی خطرناک ثابت ہوں گے۔