وحدت نیوز(لاہور) پنجاب حکومت ناصر شیرازی کے اغوا کی ذمہ دار ہے،کل(25نومبر) کی آل پاکستان شیعہ پارٹیز کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،ظالم اور مظلوم کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنے کے عمل کو بند کیا جائے،ملت جعفریہ کیخلاف انتقامی کاروائیاں عالمی ایجنڈے کا حصہ ہیں،حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیں ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے آل پارٹیز کا نفرنس کے انتظامی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس کے انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا،بہتریں انتظامات پر اراکین کمیٹی کے کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جہاں جہاں مسلم لیگ ن کی حکومت ہیں وہاں ملت جعفریہ مشکلات کا شکار ہیں،ن لیگ بیرونی آقاوں کے اشارے پر ملک میں ڈرٹی گیم کھیل رہی ہے،اس کے مثبت اثرات مرتب نہیں ہونگے،انہوں نے ڈی آئی خان میں شہید ہونے والے میجر شہید اسحاق اور شہدائے ڈیرہ اسماعیل خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا،انشااللہ شہداء کے پاکیزہ لہو سے ہم عہد کرتے کہ مملکت خداداد سے اس ناسور کے خاتمے تک ان ملک دشمنوں کیخلاف ہم میدان میں حاضر رہینگے،ڈیرہ اسماعیل خان میں ان درندوں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن ہی اس ناسور کے خاتمے کا واحد حل ہے،دہشتگردوں کیساتھ ان کے سیاسی سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بھی کسی مصلحت پسندی کے بغیر نشان عبرت بنایا جائے۔