وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے ممتاز قانون دان شہید سید سیدین زیدی ایڈووکیٹ اور شہید حبدار حسین کے ایصال ثواب کے لئے امام بارگاہ جی سکس ٹو اسلام آباد میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مومنین نے بھرپور شرکت کی۔ مجلس ترحیم سے شہید سید سیدین کے فرزند ارجمند سید مزمل زیدی اور علامہ محمد امین شہیدی کے خطاب کیا۔ علامہ سید احمد اقبال رضوی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین نے بھی اس مجلس ترحیم میں شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ مقام شہادت ایک درجہ کمال ہے، ان کو نصیب ہوتا جو معرفت الہی کے راہی ہوتے ہیں،ملت کا ہر شہید قوم کے مقدر کا ستارہ اور ملت کے ماتھے کا جھومر ہے اس وقت ہمارے ملک کا ہر حصہ ملت جعفریہ کے باوفا بیٹوں کے پاکیزہ خون سے رنگین ہو چکا ہے اور قبرستانوں کے شہر آباد ہو گئے ہیں لیکن آج شہادت کے درجے پہ فائز ہونے والے شہید محمد سیدین زیدی حقیقتا شوق شہادت سے سرشار اور سالہا سال سے اسی تمنا میں اپنی زندگی کے آخری سال گزار رہے تھے۔