وحدت نیوز(لاہور) ن لیگ کو ماڈل ٹاون کے شہیدوں کے لہو کا اور ملکی وسائل کے لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا،ملک دشمنوں کے ہر سازش کو قومی یکجہتی سے ناکام بنائیں گے،فاٹا اور گلگت بلتستان کے حقوق کے مخالفین وطن دوست نہیں،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشتگردوں کے سیاسی سرپرست ہیں جو تاحال حکمرانوں کی مصلحت پسندانہ پالیسیوں کے سبب آزاد ہیں،ایم ڈبلیوایم آنے والے الیکشن میں اپنا بھر پور کردار ادا کریگی،پنجاب میں حکمران جماعت کو سیاسی انتقامی کاروائیوں کا حساب آنے والے الیکشن میں سود سمیت چکا دینگے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنا ملکی استحکام کے لئے ناگزیر ہوچکا ہے،اس ایشو پر سیاست کرنے والے ملکی سلامتی کے ساتھ مخلص نہیں،گلگت بلتستان میں عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی ہم بھر پور حمایت کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے قومی یکجہتی اور وحدت کو فروغ دینا ہوگا،ہمیں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو خیر باد کہنے کا وقت آگیا ہے،مضبوط خارجہ پالیسی کے ذریعے پاکستان کو اس چنگل سے نکالنا سیاسی جماعتوں اور قومی سلامتی کے اداروں کا فریضہ ہے۔