وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے غیر آئینی ٹیکس کے خاتمے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے گلگت بلتستان کے عوام کی اصولی موقف کی فتح قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اینٹی ٹیکس موومنٹ کی کامیابی کا سہرا عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے سربراہ مولانا سلطان رئیس، انجمن تاجران کے سربراہ غلا م حسین اطہر ، ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا سید علی رضوی،مذہبی و سیاسی رہنماؤں سمیت عوام کو جاتا ہے جنہوں نے حکومت کی جانب سے ٹیکس کی جبری وصولی کے خلاف موسم کی شدت کی پروا کئے بغیر جرات مندانہ آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام نے یہ ثابت کیا ہے کہ کوئی بھی دنیاوی طاقت ان کے اصولی موقف سے ایک انچ پیچھے نہ ہٹا سکتی ۔یہاں کے عوام کو ان کا آئینی حق دیے بغیر کسی بھی قسم کے ٹیکس کی وصولی کا کوئی جواز نہیں۔نڈر قیادت اور عوامی قوت نے یہ ثابت کیا ہے کہ حکومتی جبرعوامی استقامت کا سامنا کرنے کی جرات نہیں رکھتا۔انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے آئینی حقوق کے حصول کے لیے اسی ثابت قدمی کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ وہ جی بی کے عوام کے ہر آئینی اقدام کی حمایت کرتے ہوئے ہر میدان میں ان کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے۔