وحدت نیوز (کراچی) یہ عصرظہور ؑ اورتشیع کی سربلندی کازمانہ ہے،عالمی استعمار شام اور عراق میں مرجیعت کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کھا کر بوکھلاہٹ کا شکار ہے،مجلس وحدت مسلمین کے ذریعے ملت جعفریہ پاکستان کے داخلی و خارجی معاملات میں اپنا نقش رکھتی ہے، شہدائے وحدت نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے پوری قوم کو سیاسی میدان میں ڈٹے رہنے کی جرات وحوصلہ دیا، ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سیداحمد اقبال رضوی نے مسجد وامام بارگاہ حضرت عباس علمدارؑمغل ہزارہ گوٹھ میں ایم ڈبلیوایم ضلع شرقی کے تحت شہدائے وحدت کی چوتھی برسی کے موقع پر منعقدہ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ زمانہ عالمی سطح پر مکتب اہلبیت ؑ کی فتوحات کا زمانہ ہے، عالمی سامراج نے شام اورعراق میں جس داعش جیسے جس نجس فتنے کی بنیاد ڈالی آج وہ منصوبہ خاک نشین ہو چکا ، مشرق وسطیٰ میں ظلم و بربریت برپا کرنے کیلئے طالبان القاعدہ اور بوکو حرام کے بعد داعش جیسی امیر ترین دہشت گردجماعت کو پروان چڑھایاجس کے پاس عراق اور شام کا سارا تیل کا خزانہ موجود تھا لیکن الحمد اللہ مرجعیت کی طاقت خصوصاًرہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای ٰاور آیت اللہ سیستانی کی بابصیرت اور حکیم قیادت نے امریکہ ، اسرائیل اور آل سعود کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا دیا، مشرق وسطیٰ میں ذلت ورسوائی کا سامنا کرنے والے اپنے افغانستان کو اپنا مسکن بنا رہے ہیں، پاکستان کے بارڈر پر پاراچنار سے متصل داعش کے ٹریننگ کیمپس قائم کردئیے گئے ہیں، پاکستا ن کو داعش جیسے فتنے سے بچانے کیلئے تمام محب وطن جماعتوں اور عوام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی صورت میں خدا نے ملت جعفریہ کو ایک عظیم نعمت سے نوازا ہے، جس نے ملت کی کھوئی ہوئی عظمت کو بحال کیاہے، پاکستان میں نا فقط مکتب تشیع بلکہ دیگر مکاتب کےحقوق کی جدوجہد میں بھی ایم ڈبلیوایم صف اول میں موجود نظر آتی ہے ، آج الحمد اللہ پاکستان کے مقتدر ادارے ملت جعفریہ کو کسی صورت نظر انداز نہیں کرسکتے، یہ سب انہیں پاک باز شہداءکے خون نا حق کے وسیلے سے ممکن ہوا، کوئٹہ کے غیور عوام نے شہداءکے جس ہائے خاکی کو اپنی طاقت میں تبدیل کرکے ایک ظالم کو مسند اقتدار سے اٹھا کر باہر پھینک ڈالا تھا ،آج گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی شجاع قیادت آغا سید علی رضوی کا ساتھ دیا اور گندم سبسڈی کے بعدغیرآئینی ٹیکس کے نفاذ کومعطل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اہل گلگت بلتستان کامسلکی اور سیاسی تعصب سے بالا ترعوامی اتحاد پورے ملک کے لئے باعث تقلید ہے۔
اس موقع پر خانوادہ شہداءسمیت ایم ڈبلیوایم کے عہدیداران ، کارکنان اور سیاسی وسماجی شخصیات بڑی تعداد میں شریک تھیں ، جبکہ دیگر مقررین میں علامہ نثار قلندی، علی حسین نقوی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن شامل تھے ، معروف نوحہ خواں سلیم رضا نگری اور معروف انقلابی نوحہ خواں سید عی صفدر رضوی نے نوحہ خوانی کی ، آخر میں شہداءکی یاد میں قائدین نے شمع جلا کر خراج تحسین پیش کیا۔