وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ امریکہ کبھی بھی پاکستان کا دوست نہیں رہا، امریکہ پاکستان اور اسلام کا دشمن ہے، پاکستان کی عوام امریکہ سے نفرت جبکہ حکومت ہمیں غلام رکھنا چاہتی ہے، امریکہ پوری دنیا میں بربادی کا باعث بنا ہے، امریکہ نے ہماری تہذیب کو برباد کیا ہے، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی، صوبائی سیکرٹری جنرل جنوبی پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی، سلیم عباس صدیقی، مہر سخاوت سیال موجود تھے۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ پنجاب میں ہسپتالوں کی ابتر صورتحال ہے، لیکن حکومت میٹرو بس، جنگلہ بس اور اورنج ٹرین میں مال بنانے کے چکر میں ہے، اُنہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل کے شہداء کو انصاف ملتا تو سانحہ قصور پیش نہ آتا، آج دنیا کی تمام اقوام کی تباہی و بربادی کا ذمہ دار امریکہ ہے، پنجاب کو صحیح امور پر چلانے کے لئے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنایا جائے، پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، فاٹا کے لوگ چاہتے ہیں کہ ان کو قبائلی نام نہ دیا جائے بلکہ کے پی کے میں ضم کیا جائے، چیف جسٹس کے صحت اور تعلیم کے اقدامات کی تائید کرتے ہیں، کسانوں سے 180 روپے فی من گنا خرید نہ کرنا ظلم و زیادتی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب کو عوام اب پسند نہیں کرتے، اس لئے وہ رات کے اندھیرے میں جانے پر مجبور ہوئے، لیکن ابھی تک معصوم زینب کے قتل میں ملوث قاتل گرفتار نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا دشمن امریکہ ہے اور آج دنیا کی تمام اقوام کی تباہی و بربادی کا ذمہ دار امریکہ ہے، جبکہ ملک میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کی ذمہ داری امریکہ پر ہی عائد ہوتی ہے، امریکی امداد نہ لینے کے بارے میں پاک فوج کے بیان نے قوم کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں، پوری پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر 40 جماعتوں میں مشاورت سے 6 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، کمیٹی کو پاکسان عوامی تحریک سمیت تمام جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف بہادر نہیں ہیں، جو مسائل کا سامنا بھی نہیں کر سکتے، بلکہ مودی کی خوشی میں بیرونی آقائوں کی خوشنودی کے لئے مجیب الرحمان کو اچھا دوست قرار دے رہے ہیں، حالانکہ مجیب الرحمان نے ملک کو توڑنے کی کوشش کی اور آج نواز شریف سمیت (ن) لیگ اداروں پر تنقید کر رہی ہے، نواز شریف بتائیں کہ وہ کس کے کہنے پر اداروں کو للکا ر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں منتخب ہونے والے نئے وزیراعلٰی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ملتان میں جوڈیشل کمپلیکس کی واپسی اچھا اقدام ہے۔