وحدت نیوز (اسلام آباد) بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی سے پاکستان میں خوشگوارسیاسی تبدیلیوں کےسفرکا آغاز ہو چکاہے،ن لیگ جہاں جہاں برسراقتدار ہے ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بناتی ہے،سانحہ ماڈل ٹائون کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت کریں گے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات اسدعباس نقوی نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کرپٹ وزیر اعلیٰ کے استعفیٰ کے بعد مسلم لیگ ق کے وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو کا انتخاب اور ایم ڈبلیوایم کے رکن اسمبلی آغا رضا کی صوبائی وزیر کی حیثیت سے شمولیت نیک شگون ہے،امید ہے کہ تبدیلی کا یہ سفر جاری رہے گا، بلوچستان کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے نومنتخب حکومت کے پاس وقت کم اور چیلنجز بہت زیادہ ہیں، ایم ڈبلیوایم مسلم لیگ ق کی اتحادی جماعت ہے وفاق کی سطح پر بھی ہمارے اچھے روابط ہیں،تعاون کا یہ سلسلہ بلوچستان میں بھی جاری رہے گا، عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدام کو بروئے کارلایا جائے گا، امریکہ ، بھارت، اسرائیل اور بعض عرب وخلیجی ممالک پاکستان اور چین کی اقتصادی شراکت داری کو اپنی اقتصادی موت سمجھ چکے ہیں، پاکستان کے مغربی بارڈر پر داعش کی آبادکاری دراصل اس کی نام نہاد عالمی نظام خلافت کے خواب کو عملی جامع پہنانے کی ناکام استعماری کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم17جنوری کو لاہور میں اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی دھرنے میں بھر پور شرکت کرے گی۔