وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لائن آف کنٹرول بٹل سیکٹر پر بھارتی فوج کی طرف سے سکول وین کو نشانہ بنانے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سفارتی آداب کی بدترین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے مکروہ عزائم سے خطے میں بے چینی پیدا کر رہا ہے۔پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت اور سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات عالمی امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔بھارت حکمران اور فوج کسی بڑے مغالطے کا شکار ہیں۔کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے پاک فوج کے ساتھ پر بیس کروڑ عوام بھی شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی قوتیں بھارتی جارحیت کے خلاف خاموش اختیار کر کے اپنے کردار کو متنازع بنا رہی ہیں۔اقوام متحدہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی وحشیانہ کاروائیوں اور سرحدی علاقوں کی خلاف ورزی کا سختی سے نوٹس لیں۔عالمی قوتیں ایک طرف انسانی حقوق کی معمولی سی خلاف ورزی پر بھی آسمان سر پر اٹھا لیتی ہیں جبکہ دوسری طرف مسلمانوں کے بہتے ہوئے خون کو دانستہ طور پر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ان قوتوں کا یہ دوہرا معیار امت مسلمہ کے خلاف متعصبانہ رویہ پر دلالت کرتا ہے جو ناقابل قبول بھی ہے اور لمحہ فکریہ بھی۔ انہوں نے بھارتی حملے کے نتیجے میں ڈرائیور کی شہادت پر افسوس کا اظہار اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔