وحدت نیوز (کراچی) پاکستان میں آئین و قانون کی بالا دستی ہماری اولین ترجیح اور ملکی وقار ہمیں ہر شے پر مقدم ہے ۔ارض پاک کے نظریاتی و جغرافیائی دفاع کے لیے ملت جعفریہ کسی قربانی سے نہیں دریغ نہیں کرے گی۔ان خیالات کا اظہا رمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے دورۂ کراچی کے موقع پر جامع مسجد نورایمان میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت داخلی اور خارجی دونوں محاذوں پر خطرات لاحق ہیں جن کا مقابلہ دانش و بصیرت سے کرنا ہو گا۔ملک کے مختلف حصوں میں جوانوں اور علماء کی جبری گمشدگیاں قانون و انصاف کی بدترین پامالی اورقابل مذمت ہیں ۔ ریاستی اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ جبری لاپتا افرادکو عدالتوں میں پیش کریں ۔
انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کے مقدسات کا تحفظ حرم رسولؐ کے تحفظ کی طرح ہرمسلمان پر واجب ہے۔ پاکستان میں شیعہ سنی اخوت واتحاد کیلئے ہم نےان گنت قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں شیعہ سنی عوام دہشت گردی ، انتہاپسندی اور کرپشن کے خلاف متحد ہیں، آئندہ انتخابات میں کرپٹ سیاستدانوں کا راستہ روکنے کیلئے اپنا بھرپور کرداراداکریں گے۔پاکستان اس وقت نازک ترین دور سے گزررہاہے، ناعاقبت اندیش حکمران لوٹ مارکےذریعے جمع کردہ سرمایہ اور غیر معمولی اثاثے بچانے کیلئے ریاستی اداروں کے خلاف محاذ آرائی پر اتر آئے ہیں۔ریاستی ادارؤں سے براراست ٹکراؤ کی پالیسی ملکی سالمیت و استحکام کے لیے سنگین خطرہ اور ملک دشمن عناصرکی تقویت کا باعث بن رہاہے ۔اس کھٹن دور میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔