وحدت نیوز (اسلام آباد) پنجاب حکومت صوفیوں اور اولیاءاللہ کےعرس کی تقریبات پر بلاجواز پابندیوں کا خاتمہ کرے، درگاہوں کی بندش اور زائرین پر تشدد کے واقعات قابل مذمت ہیں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصرشیرازی ایڈووکیٹ اور چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
دونوں رہنماوں نےدربار حضرت سخی سرورؒسمیت مختلف اولیاءکرام اور صوفی بزرگان کے درگاہوں اور مزارات پر پنجاب پولیس کی جانب سے عرس کے انعقاد اور عقیدت مندوں کی حاضری پر پابندی اور پولیس کے زائرین پر تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے،دربار سخی سرورؒ پر پولیس نے خواتین کی بھی بے حرمتی کی ہے اور وہاں کرفیوکا سماءہے،انہوں نے کہاہے کہ یہ اقدام دہشت گردتکفیری عناصر کی خوشنودی کا باعث ہے، افسوس کا مقام ہے کہ حکومت تکفیری دہشت گردوں کو لگام دینے میں ناکام جبکہ اولیاءاللہ کے مزارات کو بند کرنے میں مصروف ہے، ایسے اقدامات حکومتی نااہلی کی واضح دلیل ہیں، دہشت گرد حملوں کے خوف سے درگاہوں کو بند کرناکوئی دانشمندی نہیں، حکومت عرس کے موقع پر درگاہوں اور زائرین کے تحفظ کے لئے سکیورٹی کے موثر انتظامات کرے۔
رہنماوں نے مزید کہاکہ اس سے قبل کوٹ مٹھن شریف اور دیگر درگاہوں میں بھی عرس کی تقریبات اور زائرین کی حاضری پر پابندیاں عائد کی گئیں تھی، جس سے وہاں موجود چھوٹے تاجروں کا کاروبار بھی متاثرہوا اور ان کے گھروں کے چولھے بھی ٹھنڈے پڑ گئے،دونوں رہنماوں نے حکومت سے فوری طور پر درگاہوں کی بندش، عرس کی تقریبات ، زائرین کی آمد ورفت پر عائد پابندیوں کے فوری خاتمے اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل سجادہ نشینوں اور عقیدت مندوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں ۔