وحدت نیوز (ڈیرہ غازیخان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری جنوبی پنجاب کے دورہ پر ڈیرہ غازیخان پہنچ گئے، ڈیرہ غازیخان پہنچنے پر ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان نے اُن کا استقبال کیا، علامہ ناصر عباس جعفری نے بستی برمانی میں امام بارگاہ کا دورہ کیا اور عوامی اجتماع سےخطاب بھی کیا، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تربیت ڈاکٹر یونس حیدری، معاون سیکرٹری سیاسیات سید محسن شہریار، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، مولانا ہادی حسین ہادی، سید انعام حیدر زیدی اور دیگر رہنما موجود تھے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ عزاداریسیدالشہداء ہمارا آئینی و قانونی حق ہے کسی صورت میں اس سے دستبردار نہیں ہوں گے، یہ کیسی اسلامی ریاست ہے جہاں میوزک کنسرٹ کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں لیکن نواسہ رسول (ص) کے ذکر کے لیے ہزاروں مشکلات موجود ہیں، حکومت اس ریاست کو غیراسلامی ثابت کرنے پر تلی ہے، ایک میچ کے لیے اربوں روپےخرچ کیے جاسکتے ہیں تو عزاداری سیدالشہداء کے لیے کیوں نہیں؟، اُنہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں عزاداروں کے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم کیے گئے ہیں جنہیں فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں، حکمرانوں کی نواسہ رسول (ص) سے دشمنی عیاں ہے، ایک مخصوص نظریے کو تقویت دینے کے لیے ہمیں تختہمشق بنایا جا رہا ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور عزاداری کے خلاف سازشیں بند کرے ورنہ عذاب الہی کے مستحق ہوں گے۔ واضح رہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری 10 روزہ دورے پر جنوبی پنجاب میں موجود ہیں، اس سے قبل اُنہوں نے میانوالی، بھکر اور لیہ کا دورہ کیا، علامہ ناصر عباس جعفری کل رحیم یارخان پہنچیں گے، جہاں دو دن مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔