وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، اتحاد جہاں جہاں ہوگا وہاں کامیابی نصیب ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام سیمینار بعنوان ’’وحدت اسلامی اور استحکام پاکستان‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مرزا یوسف نے کہا کہ مغرب کے لئے سب سے بڑا خطرہ اسلام ناب محمدی ہے، امریکہ اور اسکے حواری اسلام محمدی کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، اسلام محمدی کے لئے مسلمانوں کو متحد ہونا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ متحد ہو کر اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا انتالیس رکنی اسلامی ممالک کا اتحاد دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے بنایا گیا ہے؟، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ایسا نہیں ہے بلکہ اسلام دشمن قوتیں اسلام کو نقصان پہنچانے کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا، ہمیں اپنے ہمسایہ ملک کے انقلاب اسلامی کو دیکھنا ہوگا اور اسکے لئے کی گئی جدوجہد کو اپنانا ہوگا تب ہی ہم کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔