وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےمرکزی سیکریٹریٹ میں کامیاب مرکزی تنظیمی اجلاس شوری ٰ عمومی کے انعقادپر منتظمین سالانہ اجلاس کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ،صوبائی سیکرٹری جنرل خیبرپختونخواہ اور شوری عالی کے رکن علامہ اقبال حسین بہشتی ،مرکزی سیکریٹری تعلیم و چیئر مین سالانہ مرکزی تنظیمی اجلاس برادر نثار فیضی ،اسلام آباد کے سیکر ٹری جنرل مولانا سید محمد حسین شیرازی ، راولپنڈی کے سیکر ٹری جنرل مولانا سید علی اکبر کاظمی ،صوبائی سیکریٹری تنظیم سازی صوبہ پنجاب مولانا نیازحسین بخاری ، صوبائی سیکریٹری تعلیم صوبہ پنجاب برادراظہر حسین کاظمی کے علاوہ سالانہ مرکزی تنظیمی اجلاس کی کور کمیٹی اور اجرائی کمیٹیوں کے تمام اراکین ودیگرتنظیمی افراد شریک ہوئے۔ تقریب سے پہلے شب جمعتہ المبارک کی مناسبت سے دعائے کمیل کی تلاوت کی سعادت بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری سروری نے حاصل کی اور تقریب سے پہلے تلاوت قرآن پاک کا شرف بھی انہوں نے ہی حاصل کیا۔
چیئر مین مرکزی شوری عمومی اجلاس برادر نثار علی فیضی نے تمام کمیٹیوں کے اراکین کو انکی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا اور شرکاء سے اظہار خیال کیا اور آئندہ پروگرامات کو مزیدبہتر بنانے کے لیے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےسب سے پہلے ولادت باسعادت امام حسین ؑ کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی اورکہا کہ آج کی رات ہمارے لئے بہت اہم رات ہے اس رات کو سالار ازادگان و شہیدان و آسمان ولایت و امامت کے تیسر ے ستارے حضرت امام حسین کی میلاد کی رات ہے۔انہوں کہاکہ ہم جس نہضت اور تحریک کا حصہ ہیں وہ انبیاء کی نہضت ہے اور انبیاء کی نہضت کا تسلسل نہضت کربلا ہے اور ہم تب کربلائی اور حسینی نہضت کا حصہ بن سکتے ہیں جب ہمارے اندر انبیائی اور حسینی صفات موجود ہونگی۔ انبیاء علیہم السلام کی نہضت اور مقاومت میں راتوں کا قیام ہے اور راتوں میں قرآن کی تلاوت ہے۔ اخلاص ،تقوی اور توکل علی اللہ ہے۔جتنی ذمہ داری عظیم ہیاتنا ہی’’ قیام ا لیل‘‘ کی تاکید کی
گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پیغمبر اسلام کی رسالت سے پہلے کا ذکر ہے اور حسینی مقامت میں شب عاشور کاتذکرہ ہے۔اسی طرح مقامت زینبی(س) میں شام غریبان اور شب یتیمان کا ذکر موجود ہے اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیٰ نبینا کو بھی’’ اربعین لیلاً ‘‘کاوعدہ کیا۔یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ جوان ولائی ہو اور مقاومت کا ادعا بھی کرے اور اس کے اندر ’’راتوں کا قیام‘‘ اور ’’راتوں میں تلاوت قرآن‘‘ نہ ہو۔ عزیزان ایسا نہیں ہو سکتا اگر آپ چاہتے ہیں کہ اس انبیائی اور حسینی سفر میں کامیاب ہو جائیں تو آپ کو تین کام کرنے ہونگے۔ پہلا کام یہ کہ آپ اللہ پر بھروسہ کریں آپ کا ہر کام خدا کے لئے ہو۔ دوسرا آپ کو اللہ کی راہ میں معنوی اور مادی ہجرت کرنا ہو گی۔ آپ تب اللہ کی راہ میں ہجرت کرسکیں گے جب آپ گناہوں سے ہجرتکرجائیں۔تیسرا یہ کہ ائمہ اطہار سے توسل کرتے رہیں۔ انقلاب اسلامی کی کامیابی میں اور میدان مقاومت میں یہی تین کام اہم ہیں ان کو اپنا لیں آپ کامیاب ہیں اور یقین کرلیں کہ آپ راہ حسینی پرقائم ہیں۔ ورنہ شیطان کے چیلے تمہیں اغوا کرلیں گے جیسا کہ شیطان نے اللہ کی ذات کی قسم کھا کر کہا تھا کہ میں ان کو اغوا کروں گا۔شیطان کے چیلوں سے صرف مقاومت کربلائی کے اصول پر عمل پیر ا ہو کر ہی بچا جا سکتا ہے۔