وحدت نیوز (اسلام آباد) مرکزی سیکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں مرکزی سیکرٹری روابط برادر اقرار ملک کی جانب سے ایک پروقارمحفل کاحضرت امام حسن علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے اہتمام کیا گیا جس میں راولپنڈی اسلام آباد کے تنظیمی بردران نے بھرپور شرکت کی ۔جشن کی اس تقریب سے برادر ظہیرالحسن کربلائی نے تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ برادر میثم ملک (فرزند برادر اقرار ملک) نےنعت رسول مقبول ﷺ پڑھی ۔ برادر نثار فیضی نے امام حسن ؑ کے حضور نزرانہ عقیدت پیش کیا ۔تقریب کے آخر میں حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ اصغر عسکری نے حاضرین سے خطاب فرمایا اور کہا حضرت امام حسن ؑ وہ ہستی ہیں جن کے والدین معصوم نانا رسول پاک ﷺ تو بھائی امام حسین ؑ ہیں ۔ اور خود بھی امام وقت ہیں حضرت امام حسنؑ جوانان جنت کے سردار ہیں ۔ حضرت امام حسنؑ وہ آل محمدؑ کے گھرانے کے پہلے فرزند ہیں جنہوں نے رسول پاکﷺ کی زبان مبارک کو چوسا ہے ۔ خطاب کے آخر میں علامہ اصغر عسکری صاحب نے حضرت امام حسنؑ اور حضرت خدیجۃ الکبریٰ (س)کی شان میں نذرانہ عقیدت کے طور اشعار پڑھے جنہیں حاضرین نےبہت سراہا اور نعروں سے جواب دیا ۔ جشن کے بعد نماز مغربین ادا کی گئی اور نماز کے بعدحاضرین کو افطار اور عشائیہ دیا گیا جس کا اہتمام برادر اقرار ملک نے کیا تھا ۔