وحدت نیوز (اسلام آباد) ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری مسلسل دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور بعدازنمازجمعہ ملک گیر احتجاج کریں گے ۔ڈی آئی خان کا علاقہ پروا اہل تشیع کی مقتل گاہ بنا ہوا ہے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان کے حالات پولیس انتظامیہ کے کنڑول سے باہر ہو چکے ہیں دہشتگرد علاقے میں آزادانہ وارداتیں کرتے پھر رہے ہیں۔گزشتہ چند دنوں میں خود پولیس اور انتظامیہ سمیت کئی شہری ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے۔ صوبہ میں حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی ہم ڈی آئی خان میں فوجی آپریشن کا مطالبہ کرتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام کو دہشتگردوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک بھر میں ان پر ہونے والے ظلم اور انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کا ڈی آئی خان میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ پر سوموٹو ایکشن لینے کے باوجود انتظامیہ و پولیس دہشتگردی کی مسلسل وارداتوں سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ نظر نہیں آرہی ،آئی جی خیبر پختونخواہ کا سپریم کورٹ میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کیس پر بیان ان کی بے بسی اور نا اہلی کا ثبوت ہے ۔