وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےوفد کے ہمراہ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی سے ملاقات کی ہے،ملاقات میں زائرین کو تفتان بارڈر پر درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگوکی گئی،تفصیلات کے مطابق علامہ راجہ ناصرعباس نے شہریار آفریدی سے تفتان بارڈر پر ایک ہفتے سے محصور 1500سے زائد زائرین کی فوری باحفاظت کوئٹہ منتقلی کا مطالبہ کیا ہے، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہاکہ تفتان بارڈر پر زائرین کا محصور ہونا افسوسناک ہے، سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث اب تک تین افراد جانبحق اور سینکرڑوں لوگ بیمار ہو رہے ہیں جو کہ افسوس ناک ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ زائرین کو سکیورٹی اور سہولیات فراہم کرے،سردی اور کھلے آسمان تلے زائرین کو محصور رکھ کر بلوچستان حکومت نے اپنی نا اہلی کا ثبوت دیا ہے،وفاقی حکومت غفلت برتنے والوں کے خلاف کاروائی کرے اور زائرین کو فوری تفتان سے منتقل کرے۔
شہریار آفریدی نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کوہنگامی بنیادوں پر زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی،انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان خود زائرین کی سہولیات کے حوالے سے معاملات کی نگرانی کررہے ہیں، تفتان بارڈر سے فوری تمام زائرین کو کوئٹہ منتقل کریں گے،زائرین کو فول پروف سکیورٹی دینا حکومت کی ذمہ داری ہے اس پر کسی کو غفلت برتنے کی اجازت نہیں دینگے،اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری اسدعباس نقوی اور ڈپٹی پولیٹیکل سیکریٹری سید محسن شہریار بھی موجود تھے۔