وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی وفد کے ہمراہ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے ملاقات،گلگت بلتستان کے عوامی مسائل و دیگر ملکی امور پر تبادلہ خیال،ملاقات میں اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع ترجمان ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان الیاس صدیقی اور مظاہر شگری شریک تھے،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گورنر گلگت بلتستان کو عہدہ سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کو حل کرنے اور آئینی حقوق کے حصول کی جدو جہد میں جو بھی سیاسی جماعت کردار ادا کریگی ایم ڈبلیو ایم ان کا بھرپور ساتھ دیگی،ہمیں سیاسی مصلحتوں سے بالا تر ہو کر گلگت بلتستان کے محب وطن عوام کے حقوق کے لئے کردار ادا کرنا ہے،گلگت بلتستان میں ن لیگ کی حکومت انتقامی کارروائیاں کرتے ہوئے علاقے کے عوامی مسائل کے لئے آواز بلند کرنے والوں کو شیڈول فور میں ڈال کر ہراساں کرنے میں مصروف ہے حالانکہ یہ قانون کشمیر میں نافذ نہیں گلگت بلتستان والوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھنے والے دراصل ملک قوم سے مخلص نہیں،یہ وہ خطہ ہے جو پاکستان کا فطری دفاع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیئے اور ہمارا مطالبہ بھی ہے کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوامی رہنماؤں کے ساتھ دہشتگردوں جیسے سلوک کرنے والوں کا محاسبہ کریں اور گلگت بلتستان میں بھی بے رحمانہ احتساب کرکے قومی وسائل پر شب خون مارنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مدنی وسائل پر حق وہاں کے باسیوں کا ہے،وفاقی حکومت گزشتہ ادوار میں جاری لیزز کا آڈٹ کرےاور وہاں کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی کرے،گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاالله وفاقی حکومت سے مل کر گلگت بلتستان کے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے،ایم ڈبلیو ایم کی خدمات اور اتحاد بین المسلمین کے لئے ملک بھر خصوصاََ گلگت بلتستان میں کوششوں کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،آئندہ بھی گلگت بلتستان کے سیاسی معاملات میں مل کر آگے بڑھیں گے۔