وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نےجلوس ہائے میلاد النبیؐ نے کہاکہ ایک مرتبہ پھر شیعہ سنی مسلمانوں نےعظیم الشان جشن میلاد النبیؐ مناکر دشمنان اسلام کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیاہے، نواسہ رسول ؐ امام حسین ؑ کا غم اور رسول خداؐ کی ولادت کا جشن امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے، مملکت خداداد پاکستان کے حکمران اور سیاست دان اگر رسول کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں تو ملک کو درپیش مشکلات اور دہشت گردی جیسے عفریت سے مکمل چھٹکارہ ممکن ہے، ان خیالات کا اظہارانہوںنے جشن عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر کراچی کے مختلف مقامات ملیر ،بن قاسم ٹائون، لانڈھی ،کورنگی،محمودآباد اورسولجر بازارسمیت دیگر علاقوں میں ایم ڈبلیوایم کی جانب سے قائم استقبالیہ کیمپوں، سبیلوں اور جلوس ہائے میلاد النبیؐ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پیغمبر اعظم ﷺ کی یوم ولادت کے مناسبت سے ملک بھر میں۱۲ تا۱۷ ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منانے کا اعلان بھی کیا ہے جس کی پر نور محافلوں کا آغاز کر دیا گیاہے، سرورکائنات رحمت للعالمین کی ذات اقدس ہی مسلم امہ کے درمیان مرکزِوحدت ہے۔ عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں میں جس اتحاد و یگانگت کے ساتھ شیعہ سنی عوام شریک ہوئے اس سے بخوبی اس بات کا انداز لگا یا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں شیعہ سنی یک جان اور متحد ہیں،نفرت اور دہشت گردی پھیلانے والوں کا دونوں مکتب سے کوئی تعلق نہیں،ماہ ربیع الاول کے ان بابرکت ایام میں جس عملی وحدت کا مظاہرہ دیکھنےمیں آیا یہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ فرقہ پرستوں کو اپنے مذموم عزائم میں شکست ہوئی ہے،،دہشت گرد دراصل ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دے کر مسلمانوں کو آپس میں دست و گریبان کرکے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔