وحدت نیوز(مری) جامعہ بنت الھدی بھمروٹ سیداں میں بائیسویں سالانہ الزھرا کانفرنس مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے منعقد ہوئی جس میں سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی طاقتیں اسلام کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے خوفزدہ ہوکرکبھی داعش اور کبھی القاعدہ جیسی شدت پسند تنظیمیں بنا کر اسلام کا چہرہ مسخ کرنے کی مذموم کوششیں کررہی مغربی معاشرے میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام عورت کو عزت دیتا ہے جبکہ مغرب آزادی کے نام پر عورت کو اس کے اصل مقام سے گرا کر " میرا جسم میری مرضی " جیسے نعرے دے کر عورت کی تذلیل کر رہا ہے انھوں نے مزید کہا کہ عالمی یوم خواتین پر عورت کے اصل مسائل سے توجہ ہٹا کر خواتین کے حقوق کی جنگ کو نقصان پہنچایا گیا۔ اس موقع پر پی پی 6 سے ایم پی اے پنجاب اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما میجر (ر) لطاسب ستی نے بھی خطاب کیا اور کہا جناب سیدہ زہرہ (س) خواتین کےلیے کامل و بہترین نمونہ عمل ہیں ان کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر ہر دور کی خواتین دنیاوی و اخروی کامیابی حاصل کر سکتی ہیں انھوں نے الیکشن میں حمایت پر اہلیان علاقہ کا شکریہ ادا کیا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ کانفرنس سے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات سیدہ نرگس سجاد، مولانا ضیغم عباس جعفری ، اور مولانا ظہیر سبزواری نے بھی خطاب کیا۔