وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی بھارتی تاریخ کی وہ متعصب ترین شخص ہے جس نے اپنے ملک میں اقلیتوں پر زندگی تنگ کر کے باہمی نفاق کی بنیاد رکھی ہے۔آج ہندوستان میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والوں میں عدم برداشت عروج پر ہے اور متعدد علاقے خانہ جنگی کامنظر پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی افواج کی بڑھتی ہوئی جارحیت دوایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا باعث ہے۔بھارت کی طرف سے سرحد پار بلااشتعال گولہ باری کا کوئی جواز نہیں۔مودی ایشیا کے امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہیں۔ارض پاک کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔بھارت کی جانب سے کسی بھی پیش قدمی کی صورت میں پوری قوم مادر وطن کی مضبوط ڈھال بن جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں عالمی قوتوں کو خاموش تماشائی بننے کی بجائے ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کسی بھی ممکنہ معرکے کے اثرات محض دو ملکوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس سے پوری دنیا کا امن متاثر ہو گا۔