وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان کے مختلف شہروں کی شیعہ مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران امریکہ کے خلاف شدید نفرت کا اظہار کیا گیا۔آئمہ مساجد نے اپنے خطابات میں امریکہ کو وقت کا فرعون، نمرود اور شداد قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی رعونت پوری دنیا کے لیے سنگین خطرہ ہے۔عالمی امن کو قائم رکھنے کے لیے امریکہ کو راہ راست پر لانا ہوگا جس کے لیے امت مسلمہ کا باہم ہونا ضروری ہے۔خطبات میں کہا گیا کہ امریکہ آستین کا وہ سانپ ہے جو دودھ پلانے والے کو بھی ڈس لیتا ہے۔عالم اسلام کے خلاف امریکہ کے جارحانہ عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ اس نے جب بھی وار کیا مسلمانوں کو ہی نشانہ بنایا۔حاج قاسم سلمانی کی شہادت امریکہ کا وہ جرم ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔امریکہ نے دہشت گردی کی حالیہ کاروائی سے اپنے خلاف نفرت میں غیر معمولی اضافہ کر لیا ہے۔
دریں اثنا مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی متشدد سوچ نے پوری دنیا میں امریکی قوم کو رسوا کیا ہے۔آج امریکہ کا نام نفرت کی علامت سمجھاجانے لگا ہے جس کا ذمہ دار صدر ٹرمپ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کے خلاف باطل قوتیں بڑی تیزی کے ساتھ یکجا ہو رہی ہیں۔مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ فروعی اختلافات کو نظر انداز کرتے ہوئے مشترکات پر یک جان ہو جائیں۔اگر ہم نے وحدت و اخوت کی اہمیت اور طاقت کادرک نہ کیا تو دشمن کے ہاتھ باری باری سب کے گریبانوں تک پہنچیں گے۔ ایران اور امریکہ کا تنازع حق و باطل کی جنگ ہے۔جو لوگ ایران کی مخالفت میں امریکہ کی حمایت کررہے ہیں وہ یا نادان دوست ہیں یا پھر طاغوتی آلہ کار، ایسے لوگوں کو اپنے کردار و عمل پر نظر ثانی کرنی چاہیے تاکہ میدان حشر میں انہیں شرمسار نہ ہونا پڑے۔