وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کندھ کوٹ میں ضلعی صدر میر فائق علی خان جکھرانی مولانا ممتاز علی بھیو و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع کشمور میں تسلسل کے ساتھ اغوا برائے تاوان کی وارداتیں افسوس ناک اور باعث تشویش ہیں۔ضلع میں امن و امان کی ابتر صورتحال اور مغویوں کی بازیابی کیلئے سنجیدہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ مقام افسوس ہے کہ ایک مغوی کی بازیابی سے قبل اغواء کی مزید وارداتوں کے باعث اس وقت ایک ضلع میں مختلف وارداتوں میں دس سے زائد افراد اغواء ہو چکے ہیں جو غریب گھرانے دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتے ان سے لاکھوں روپے تاوان طلب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کشمور شکارپور اور گھوٹکی کے کچے کے علاقے میں ڈاکو کلچر نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا ہوا ہے پولیس اہلکاروں کی شہادت اور اغواء کی وارداتوں کے سدباب کے لئے ضروری ہے کہ پولیس رینجرز اور پاک فوج کے تعاون سے آپریشن کلین اپ کا آغاز کرے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان الہی نظریات کی حامل جماعت ہے جو ملکی استقلال آزادی کی علمبردار ہے ہم وطن عزیز پاکستان میں سامراجی مداخلت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کی تقدیر کے فیصلے واشنگٹن کی بجائے اسلام آباد میں ہوں۔