وحدت نیوز(لاہور)قومی مرکز میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام یونیورسٹیوں کے طلبا کے لئے منعقد ہونے والی 'نیکسٹ جنریشن سمٹ'سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری، سنٹر فار پاکستان اینڈ گلف سٹڈیز کے صدر،فیکلٹی ممبر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اور بین الاقوامی امور کے ماہر قانون دان ایڈووکیٹ سید ناصر عباس شیرازی کا خصوصی خطاب،کثیر تعداد میں طلبا کی شرکت۔
جناب ناصر عباس شیرازی نے جوان کو مستقبل کی امید قرار دیا اور ایک قرانی جوان کی خصوصیات بیان کیں ۔انہوں نے معنویت ،ذمہ داری ،احساس، ایثار اور دین کے لئے قربانی کے جزبے کو جوان کی خصوصیات کے طور پر بیان کیا ۔ظلم کے مقابل قیام کے لئے جوان کے جزبہ اور بزرگوں کی بصیرت درکار ہے ۔آج کے دور میں جوان وہ نہیں ہے جو عمر کے لحاظ سے جوان ہو بلکہ جوان وہ ہے جو ان صفات کا حامل ہو اور معاشرے سے ظلم اور فساد کے خاتمہ کے عمل میں متحرک ہو قرآنی جوان وہ ہے جو مہدی آخرؑ کا عملی منتظر ہے ۔جو بین الاقوامی امور پر گہری نگاہ رکھتا ہے اور جو ملکی سطح پر مثبت اقدار کو فروغ دینے اور عدل کے قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہو۔
انہوں نے آئی ایس او کو جوانوں کی معنوی امنگوں کا ترجمان قرار دیا اور تعلیمی عمل کے دوران تنظیم سے وابستگی کی اہمیت بیان کی ۔سمٹ کے دوسرے مقرر معروف موٹیویشنل سپیکر ،بیسٹ سیلر کتب کے مصنف اور معروف کنسلٹنٹ جناب قیصر عباس تھے جنہوں نے لیڈرشپ کے بنیادی اصول بیان کئے ۔آخر میں سوالات و جوابات کا سیشن تھا جس میں طلبا نے بھر پور دلچسپی لی ۔معزز مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے اور اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔