وحدت نیوز(لالہور) مرکزی سیکریٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل ماڈل ٹاؤن لاہور میں سفر تجدید عہد کے عنوان سے شیخ الاسلام جناب ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 72 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ڈیجیٹل نمائش کی افتتاحی تقریب میں مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کی بطور مہمان خصوصی شرکت اور خطاب۔
انہوں نے تکفیریت کے خاتمے کے لئے ڈاکٹر طاہر القادری کے فتوی اور اس کے مبانی پر روشنی ڈالی ۔برادر ناصر شیرازی نے کہا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ساتھ معاہدہ بھی ملکی سلامتی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کے لئے ایک عظیم قدم تھا۔
انہوں نے کہا کہ فرمان امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی روشنی میں ظلم کے مقابل اور مظلوم کی حمایت میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیا اور شہدا کی اواز بنی ۔انشاللہ ائندہ بھی ملکر اسلام کی سربلندی، وطن کی سلامتی اور وحدت اسلامی کا یہ مشترکہ سفر جاری رہے گا ۔
انہوں نے مجلس وحدت اور پاکستان عوامی تحریک کے مابین ہونے والے معاہدے کو بھی ملکی سیاسی منظر نامے میں ایک اہم قدم قرار دیا ۔اس موقع پر سید ناصر عباس شیرازی نےنمائش کے اہم ترین سیکشن کا افتتاح اپنے ہاتھ سے فیتہ کاٹ کر کیا جبکہ تمام سیکشنز کی وضاحت صاحبزادہ حسین محی الدین نے خود کی ۔مرکزی ہال کے افتتاح کا آغاز دعا سے ہوا اور جناب حسین محی الدین اور جناب ناصر شیرازی نے مشترکہ طور پر اس کا افتتاح کیا ۔
دیگر مہمانوں میں وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی جناب اصغر زیدی ،کالم نگار صحافی مظہر برلاس، معروف میڈیا پرسن اوریا مقبول جان ،مرکزی جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک جناب خرم نواز گنڈا پور شامل تھے ۔علما ونگ کے صدر جناب میر آصف اکبر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔