وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ن لیگ نے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو اپنے ہاتھوں سے دفن کر دیا۔ قول و فعل کا تضاد پاکستان سیاست کا المیہ ہے۔ سپریم کورٹ آئین پاکستان کی محافظ ہے اور آئین اور قانون کا احترام ہر سیاسی جماعت اور سیاسی لیڈر کے فرائض میں شامل ہے۔ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنا حکمران اتحاد کے اخلاقی دیوالیہ پن اور عوام حراسی کی دلیل ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں جلد انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے۔ پاکستان کے حالات کا تقاضا ہے کہ جلد عام انتخابات کے نتیجے میں عوامی مینڈیٹ سے نئی حکومت تشکیل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے حالات نے ہر نقاب پوش کا کردار بے نقاب کر دیا ہے۔ مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کا قول مشہور ہے کہ اقتدار اور طاقت ملنے پر لوگ بدلتے نہیں بلکہ بے نقاب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان میں ظلم و بربریت اور عالمی استکباری قوتوں کے خلاف عوامی بیداری کا خیر مقدم کرتے ہوئے غلامی نامنظور کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ بیانیہ ہمارے عظیم قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کا بیانیہ تھا۔ جس کے علمبردار قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہیں۔ ہم وطن عزیز پاکستان میں آئین شکنوں کے مقابلے میں آئین کے محافظوں کے ساتھ ہیں۔ انجمن غلامان امریکہ کے مقابلے میں غلامی نامنظور کے بیانیے کے ساتھ ہیں۔ ذلیل بھکاریوں کے مقابلے میں وطن کی عزت استقلال اور قومی غیرت کے محافظوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج پاکستان دو راہے پر کھڑا ہے۔ اس حساس لمحے میں ہمیں اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس بھی ہے اور ہم اس کی ادائیگی کے لئے میدان عمل میں ہیں۔