وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے تحصیل گڑھی خیرو کے شہر میراں پور برڑو دوداپور اور داؤ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے قرآن سینٹرز کے طلباء وطالبات اور مومنین سے خطاب کیا۔ اس موقع پر مجلس علمائے شیعہ ضلع جیکب آباد کے صدر علامہ سیف علی ڈومکی ایم ڈبلیو ایم کے تحصیل صدر سید عابد حسین شاہ سید علی شاہ مولانا عبد الخالق مولانا مظہر عباس و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ طلباء و طالبات وطن کا مستقبل ہیں جن کی بہترین تعلیم و تربیت اصلاح معاشرہ کا باعث ہے۔ علماء کرام بچوں کی عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت کریں۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام عورتوں کے حقوق کا محافظ ہے مغربی تہذیب و ثقافت سے مرعوب عناصر عورت کی آزادی کے نام پر فحاشی اور عریانی کا پرچار چاہتے ہیں۔ دین اسلام نے حیاء عفت و پاکدامنی اور حجاب کا حکم دے کر معاشرے میں پاکیزہ روابط کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں انتخابی ریلی پر پابندی اور عوام پر ظلم و تشدد نے امپورٹڈ حکومت کو بے نقاب کر کے رکھ دیا ہے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے آج ووٹ اور عوام کی طاقت سے خائف نظر آتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے مستحق ہونہار طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔