وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ یوم علی علیہ السلام پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہادت امام علی علیہ السلام کے جلوس عزاء و عزاداری کے اجتماعات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جیکب آباد محمد یوسف شیخ کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں منعقد ہونے والے اہم اجلاس کے دوران کیا۔
اجلاس میں ایس ایس پی سمیر نور چنہ، بانیان عزاداری، مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور مختلف محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان کا احترام ہر مسلمان پر واجب ہے، لہٰذا احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
ماہ رمضان نزول قرآن کریم کا مہینہ ہے۔ اس مبارک مہینے میں ہمیں قرآن کریم کی تلاوت اور قرآن فہمی پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی حیات طیبہ کا ہر پہلو ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ بحیثیت حکمران آپ کا طرزِ حکمرانی ہر دور کے حکمرانوں کے لئے نمونہ عمل ہے۔ آپ علیہ السلام عدالت انسانی کی آواز ہیں۔ شہرہ آفاق مسیحی مصنف کی کتاب صوت العدالہ الانسانیہ The voice of human justice عدل علوی کی ایک مثال ہے۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ملک میں دہشتگرد ایک مرتبہ پھر ایکٹو ہو چکے ہیں۔ کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ لہٰذا یوم علی علیہ السلام پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ خواتین کی مجالس عزاء میں خواتین پولیس اہلکاروں اور رضاکاروں کو متعین کیا جائے۔