وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امام خمینی نے قرآن و سنت اور سیرت اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں جو اسلامی نظام قائم کیا وہ نور بن کر دنیا کے اندھیروں میں روشنی پھیلا رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں رہبر کبیر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی 34 ویں برسی کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین ضلع کوئٹہ سٹی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی، رکن شوریٰ عالی سابق صوبائی وزیر قانون آغا سید محمد رضا، ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ سٹی ارباب لیاقت علی ہزارہ، حاجی طاہر نظری اور دیگر نے خطاب کیا۔ جبکہ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
برسی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ گذشتہ ایک ہزار سال میں تاریخ انسانی نے حضرت امام خمینی جیسا عظیم انسان نہیں دیکھا۔ وہ اپنے علم و تقویٰ، شجاعت و بصیرت اور اعلیٰ انسانی صفات کے باعث تاریخ انسانی کے منفرد کردار ہیں۔ آپ کے گفتار و کردار سے انبیاء کرام علیہم السلام کے پاکیزہ کردار کی خوشبو آتی ہے۔ انقلاب اسلامی عصر حاضر کے تین بڑے انقلابات میں سے سب سے بڑا انقلاب ہے، جو امام خمینی نے قرآن و سنت کی روشنی میں بپا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے قرآن و سنت اور سیرت اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں جو اسلامی نظام قائم کیا وہ نور بن کر دنیا کے اندھیروں میں روشنی پھیلا رہا ہے۔ آج اسلام ناب انقلاب اسلامی اور مقاومت ایک ناقابل تردید عالمی قوت بن چکی ہے۔