وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اہل سنت نے ہر دور میں اہل بیت علیہم السلام سے عشق و محبت کا اظہار کیا ہے۔ بنوامیہ کے طرف دار امت مسلمہ میں یزید پلید اور آل یزید کی وکالت کرکے اپنے خبث باطن کا ثبوت دے رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جامعہ غوثیہ سلطانیہ مرکز منہاج القرآن کوئٹہ میں تحریک منہاج القرآن بلوچستان کے صوبائی رہنماء علامہ حامد سعیدی اور حاجی محمد سرفراز سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اہل سنت نے ہر دور میں اہل بیت علیہم السلام سے عشق و محبت کا اظہار کیا ہے۔ عصر حاضر میں بعض ناصبی ذہنیت کے دشمنان اہل بیت اہل سنت کو غلط راستے پر لے جانا چاہتے ہیں۔ بنوامیہ کے طرف دار امت مسلمہ میں یزید پلید اور آل یزید کی وکالت کرکے اپنے خبث باطن کا ثبوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل سنت کے علماء و مشائخ اور اکابرین کا فریضہ بنتا ہے کہ وہ قرآن و اہل بیت سے لوگوں کو جوڑیں۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے القول المعتبر فی الامام المنتظر اور السیف الجلی علی منکر ولایتِ علی اعلان غدیر جیسی کتابوں کے بعد حضرت امام علی علیہ السلام کی روایات کو جمع کرکے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ حامد سعیدی نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض جاہل افراد نے دشمنان اہل بیت کے جھوٹے مناقب بیان کرنا شروع کئے اور یزید لعین کے حق میں باتیں کیں۔ جسے بروقت شیخ الاسلام علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے علمی دلائل سے رد کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی خدمات پورے عالم اسلام کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ فرسودہ نظام کو تبدیل کئے بغیر بہتری ناممکن ہے۔ بہتری چہروں کے بدلنے سے نہیں نظام بدلنے سے ممکن ہے۔ اس موقع پر علامہ حامد سعیدی نے علامہ مقصود علی ڈومکی کو ڈاکٹر طاہر القادری کی شہرہ آفاق کتاب القول المتین فی امر یزید العین اور النجابہ فی مناقب الصحابہ والقرابہ کا تحفہ پیش کیا۔