وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سینٹ مراعات میں بے تحاشہ اضافہ غریب عوام کے ساتھ کھلم کھلا مذاق ہے، سابقہ اور موجودہ حکمران ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، ان ناعاقبت اندیش حکمرانوں نے ملکی مفاد میں کونسا قابلِ ذکر کارنامہ انجام دیا ہے، اس کرپٹ نظام اور اس کے پروردہ افراد نے عوام کے منہ سے نوالہ تک چھین لیا ہے، موجودہ حکومت اور سہولت کاروں کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، جس کا فیصلہ عوامی عدالت میں ہو گا، مافیاز کی پشت پناہی کرنے والے کٹھ پُتلی حکمران عوام کو دلدل سے نکالنے کی صلاحیت سے عاری ہیں، غربت سے تنگ آکر خود کشیاں کرنے والی عوام کے پیسے حکمرانوں کی عیاشیوں اور پروٹوکول پر خرچ ہونا اخلاقاً اور شرعاً جرم ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سینٹ مراعات میں ہوشربا اضافہ کرنا غریت کی چکی میں پسے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، یہ بل آئین کے بھی متصادم ہے جسے عوامی مفاد کے خلاف پاس کیا گیا ہے، اس شرمناک اور ذاتی مفادات کے تحفظ پر مبنی بل سے جھوٹے جمہوری نعروں کی قلعی کھل گئی ہے، قومی مفادات کو پس پشت ڈال کر آسائش پسند حکمران قومی دولت کو بے دردی سے لوٹنے کی روش پر قائم ہیں، ہچکولے کھاتی ملکی معیشت ان بھاری بھرکم سہولیات کی ہرگز متحمل نہیں ہو سکتی، یہ سنگ دل حکومتی ٹولہ عوامی مشکلات میں کمی کی بجائے مسلسل اضافے کا باعث بن رہا ہے، سوشل میڈیا کے اس دور میں عوام بیدار ہیں اور اس طرح کے مفاد پرستانہ اقدامات سے باخبر ہیں، اب ماضی کی طرح اس طرح کا غیر منصفانہ اور امتیازی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جاسکتا۔