وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک مخصوص سوچ کو مسلط کرنے کی کوشش میں گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ جو غیر قانونی و غیر اخلاقی کھیل کھیلا جا رہا ہے، وہ گلگت بلتستان کی غیرت مند، شجاع اور محب وطن عوام کی توہین ہے۔ جی بی کے عوام کے جمہوری کردار کو سبوتاژ کر کے کسی بھی امپورٹڈ ایجنڈے پر عملدرآمد کا خمیازہ گلگت بلتستان سمیت پورے ملک کو بھگتنا پڑ سکتا ہے، اس حساس علاقے میں اس طرح کی غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر جمہوری کاروائیوں میں مصروف پی ڈی ایم ٹولہ اور اس کے سہولت کار ہوش کے ناخن لیں اور وہاں کی اکثریتی جماعت کے خلاف سازشوں سے باز رہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہونے والے غیر قانونی و غیر آئینی عمل کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہوئے مسترد کرتے ہیں، ان اوچھے ہتھکنڈوں سے سوائے حکمرانوں کے کالے کرتوت آشکار ہونے کےکچھ حاصل نہیں ہو گا، پورے ملک کی طرح آئینی و جمہوری قدروں کی پامالی کا سلسلہ اب گلگت بلتستان میں بھی شروع کر دیا گیا ہے، ان شرمناک اور بھونڈی حرکتوں سے عوام کے دلوں میں ملوث ذمہ دار کرداروں کے خلاف نفرت شدت اختیار کرے گی، لہذا اس طرح کے عوامی منشاء کے خلاف ناپسندیدہ اور رعونت پسندانہ اقدامات اٹھانے سے گریز کیا جائے۔