وحدت نیوز(ڈی آئی خان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ توہین قرآن کریم کے حوالے سے فی الفور قانون سازی کرتے ہوئے اسے سنگین جرم اور دہشت گردی قرار دے۔ یہ بات انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے موقع پر شیعہ علماء کونسل اور ایم ڈبلیو ایم کے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مغرب میں قرآن کریم اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کے شرمناک واقعات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ انبیاء کرام اور آسمانی کتابوں کی توہین سنگین جرم اور دہشت گردی ہے۔
اقوام متحدہ توہین قرآن کریم کے حوالے سے فی الفور قانون سازی کرتے ہوئے اسے سنگین جرم اور دہشت گردی قرار دے۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر رحمت (ص) اور قرآن کریم کی توہین کے واقعات مغرب کی اسلام دشمن ذہنیت کا عکاس ہے۔ مسلمان ملکوں پر لشکر کشی، مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی اور اسلاموفوبیا مغربی سامراجی قوتوں کی مجرمانہ ذہنیت کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مسلمان ممالک سویڈن سفراء کو ملک بدر کریں اور سویڈن مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ احتجاجی مظاہرے سے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ محمد رمضان توقیر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔