وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 14 اگست یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر اپنے تمام ہم وطنوں سے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حصول پاکستان کا وہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوا جس کے لیے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیں، آج ہم 76 واں یوم آزادی منا رہے ہیں۔ ہم تحریک پاکستان کے تمام بہادر سپوتوں اور مخلص عوام کو خراج عقیدت و سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے دیس کی آزادی اور تابناک مستقبل کی خاطر ناقابل فراموش قربانیاں دیں۔ ہماری نسلیں ان کی ممنون و مقروض رہیں گی، ان سب کا عزم و استقلال ہمارے لیے مشعل راہ ہے، جنہوں نے ملک کی آزادی کے لئے اپنا تن من دھن قربان کر دیا، ہمیں ان کی لازوال قربانیوں کا قرض کچھ اس طرح ادا کرنا ہوگا کہ ان کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق پاکستان کی تعمیر وترقی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، ہمیں پاکستان کو عالمی برادری سمیت اسلامی دنیا میں بھی باوقار مقام دلانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارے آباؤ اجداد اور اسلاف نے اس لیے حاصل کیا تھا کہ اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی بسر کر سکیں، سماجی، مذہبی اور سیاسی انصاف و مساوات کو عملاً قائم کر کے مفلس الحال عوام کی زندگیوں میں آسانیاں اور بہتری لائی جاسکے، لیکن افسوس صد افسوس ملک پر مسلط اشرافیہ نے جان بوجھ کر اس کے اغراض ومقاصد سے روگردانی کی ہے، لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئی ہیں، ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا ہے، ملک کے مفادات کو ذاتی پسند نا پسند کی بھینٹ چڑھا دیا ہے، اس منفی روش سے چھٹکارا پا کر ہی ملکی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے گا، اس گٹھن زدہ معاشرے کو ختم کرنا ہوگا، تمام تر تعصبات سے بالاتر ہوکر حقیقی معنوں میں جمہوری اقدار کو فروغ دینا ہو گا، تمام طبقات اور اداروں کا اپنے اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنے میں ہی ملکی بھلائی اور بہتری ہے، ہمیں بحیثیت مجموعی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ اقوام عالم میں مضبوط کردار اور مقام حاصل کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر آئیے ملکر ایک ایسے متحد، مضبوط، خوشحال، پرامن اور رواداری کے جذبے سے سرشار ملک کی تعمیر کا عہد و پیمان کریں، جس کا خواب قائد اعظم رح اور علامہ اقبال رح نے دیکھا تھا، یہ یوم آزادی ہمارے وطن کے لئے بھائی چارہ، ہم آہنگی اور خوشحالی لائے، پروردگار ہماری مادر وطن کو امن و امان کا گہوارہ اور مالی و اخلاقی مسائل و مشکلات کی دلدل سے نجات دلائے، ہمیں اپنے ملک کے آئین وقانون کی پاسداری کرنے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، کشمیر و فلسطین سمیت دنیا کی تمام مظلوم اقوام کو غاصب قوتوں سے نجات حاصل ہو۔ آمین